پاکستان
23 جنوری ، 2017

نصرت سحر کا پتافی کو معافی کے بعد بھی ایکشن کا مطالبہ

نصرت سحر کا پتافی کو معافی کے بعد بھی ایکشن کا مطالبہ

عمیمہ ملک...پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی نے غلطی مان لی، نصرت سحر کےسر پر ہاتھ رکھا، چادر پہنائی، خاتون رکن بھی نرم پڑگئیں، بھیگی آنکھوں کے ساتھ معاملہ ختم کرنے کا اعلان کردیا لیکن باہر آکر بلاول سے پھر بڑے ایکشن کا مطالبہ بھی کردیا۔

جمعے کو سندھ اسمبلی میں ہونے والے ڈرامے کا آج ڈراپ سین ہوگیا،رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی کی بدکلامی اور نازیبا الفاظ کے استعمال کے بعد نصرت سحر عباسی نے پیٹرول چھڑک کر خودکشی کی دھمکی دی، پیپلز پارٹی کے رکن کی معافی کی درخواست پر مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نے قبول کرنے کا اعلان کیا۔

جمعے کو ہونے والی بدمزگی کا اثر سندھ اسمبلی میں پیر کو بھی دیکھا گیا،فنکشنل لیگ کی نصرت سحر عباسی صبح ساڑھے دس بجے سندھ اسمبلی کی سیڑھیوں پر آکر بیٹھیں تو ہاتھ میں پانی کی بوتل تھی، مگر بوتل میں پانی نہیں، پٹرول تھا، جبکہ لبوں پر یہ دھمکی تھی کہ امداد پتافی کی رکنیت ختم نہ کی گئی تو وہ خود سوزی کرلیں گی۔

اجلاس کی ابتدا بھی احتجاجی شور سے بھرپور رہی، تعطل کے بعد جونہی کارروائی شروع ہوئی، امداد پتافی اپنی نشست سے اُٹھے، اور اپنی غلطی کی تلافی کرنی چاہی۔

پتافی کی تلافی میں ملنے والی چادر اوڑھ کر ایوان میں معاف کرنے کا اعلان کرنے والی نصرت سحر کراچی پریس کلب پرآئیں تو ثابت کیا کہ یہ معاملہ اتنی آسانی سے ختم نہیں ہوگا۔

نصرت سحر عباسی امداد پتافی کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر ہونے والے مظاہرے میں پہنچ گئیں،ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری امداد پتافی سے وزارت واپس لیں، یہی میرے حامیوں کا مظاہرہ ہے، جو مؤقف ان کا ہے وہی میرا بھی ہے۔

امداد پتافی کیخلاف ’ایکسٹرا ایکشن‘ کے مطالبے نے پیپلزپارٹی کی قیادت کو پھر مشکل میں ڈال دیا ہے، سوال وہی کا وہی ہے کہ زبان کی پھسلن کے بعد امداد پتافی صوبائی وزارت پر رہیں گے یا پھسل جائیں گے؟

 

مزید خبریں :