پاکستان
23 جنوری ، 2017

سپریم کورٹ،پاناما کیس پر عدالت کے باہر بات نہ کرنے کی ہدایت

سپریم کورٹ،پاناما کیس پر عدالت کے باہر بات نہ کرنے کی ہدایت

 

پاناما کیس کی سماعت کے دوران جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریماکس دیے کہ عدالت کے باہر جو کچھ کہا جاچکا بہت ہے، اب سب لوگ انتظار کریں۔

حکومتی جماعت مسلم لیگ ن تو مان گئی مگر پی ٹی آئی نہیں مانی، تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا اس حوالے سے کہنا ہے اگر عدالت چاہتی ہے کہ احاطہ عدالت سے باہر میڈیا سے بات نہ کی جائے تو کیس کی براہ راست کوریج کی اجازت دے دیں ۔

پاناما کیس کی سماعت کے دوران بنچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریماکس دیے ہیں کہ سڑکوں پر سب لوگ اپنا مؤقف دے چکے،عدالت کے باہر جو کچھ کہا جا چکا بہت ہے،اب سب لوگ انتظار کریں۔

ان ریماکس کے بعد جماعت اسلامی کے وکیل نے درخواست کی کہ عدالت میڈیا ٹاک پر پابندی لگا دے، آصف سعید کھوسہ بولے ہم نے جو کہنا تھا کہہ چکے۔

پھر سماعت میں وقفہ ہونے کی دیر تھی کہ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری احاطہ عدالت سے باہر آئے اور شروع ہو گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر عدالت اس ٹاک پر پابندی لگوانا چاہتی ہے تو اس کیس کی لائیو کوریج کی اجازت دے دیں،سماعت ختم ہوئی تو عمران خان بھی اس حوالے سے خوب بولے۔

وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ حکومتی جماعت اب میڈیا ٹاک سے گریزکرے گی، عدالت کہ کہنے پر کیس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

تحریک انصاف کہ ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کے رہنماؤں کی پاناما کیس کی سماعت کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کا سلسلہ جاری رہے گا ، حقائق عوام کے سامنے رکھنا ہوتے ہیں۔

مزید خبریں :