23 ستمبر ، 2017
بالی وڈ اداکار رنبیر کپور اور ماہرہ خان کی گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر کے معاملے پر شوبز ستاروں نے ماہرہ اور رنبیر کی حمایت کردی۔
شوبز ستاروں نے ماہرہ خان اور رنبیر کی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تصاویر پر تنقید کو بے جا قرار دیتے ہوئے اداکاروں کی ذاتی زندگی کا بھی خیال کرنے کی تاکید کی ہے۔
شوبز ستاروں نے اپنے خیالات کے اظہار کے لیے سوشل میڈیا کا سہارہ لیا اور مداحوں کی تنقید پر سخت ناراضی کا اظہار بھی کیا۔
اداکارہ ماورہ حسین نے اپنی ٹوئٹ میں ماہرہ خان کو کہا کہ 'اپنے سفر کو طاقت بنائیں' جبکہ ان کی بہن اور اداکارہ عروہ حسین نے پیغام دیتی ہیں کہ 'مضبوط رہیں، طاقت اور محبت آپ کے سفر میں ہے'۔
اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ اسٹارز کی ذاتی زندگی پر دنیا باتیں بناتی ہے بد قسمتی سے یہ ان کا بزنس ہے تو جو لوگ جو کہنا چاہتے ہیں کہیں اور مزہ کریں لیکن جھوٹی افواہیں نہیں پھیلائیں۔
پاکستانی گلوکارہ مومنہ مستحسن نے بھی ماہرہ خان پر کی جانے والی تنقید پر ناراضی کا اظہار کیا اور ٹوئٹ میں لکھا کہ خدا ماہرہ خان کی مدد کرے کیوں ہمیشہ عورتوں کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے ، یہ ماہرہ کی زندگی ہے ۔
پاکستانی اداکار عثمان خالد بھی مداحوں کی جانب سے تنقید پر بھڑکے اور ٹوئٹر پر لکھا کہ لوگوں کا 'ڈبل اسٹینڈرڈ '۔مرد حضرات سگریٹ نوشی کرسکتے ہیں لیکن اگر کوئی خاتون کرے تو غلط۔
تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عثمان نے ماہرہ اور رنبیر کی تصویر کی نقل کرتے ہوئے اپنے ساتھی کے ساتھ سگریٹ نوشی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب مشہور بھارتی اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے بھی فلم ’’گول مال اگین‘‘ کے ٹریلر لانچ کی تقریب میں اس حوالے سے بات کی اور کہا کہ سوشل میڈیا پر چھوٹی سی بات بھی بڑی شکل اختیار کر لیتی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہت کہ معاشرہ بہت تنگ نظر ہے لیکن یہ ایک عورت کی مرضی ہے وہ کیا پہنے کیا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب جانتے ہیں کہ تمام تنقیدیں غلط ہیں اور جلد ہی سب ختم ہوجائےگا۔
نوجوان اداکار ورون دھون نے بھی کہا کہ اداکاروں کی ذاتی زندگی پر تنقید کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے جبکہ اداکارہ تپسی پنو کا کہنا تھا کہ لوگوں کی تنقید کا جواب غصہ سے دیا جائے تو کوئی فرق نہیں رہے گا۔