25 دسمبر ، 2017
راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری اور راول کوٹ سیکٹر پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
اس سے قبل 8 دسمبر کو بھی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کےچڑی کوٹ سیکٹر پر ایک جنازے پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئی تھیں۔
30 ستمبر 2017 کو بھی بھارتی فوج نے بھاری ہتھیاروں سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا اور نشانہ بننے والے شہریوں کے انخلاء میں مدد دینے والی آرمی پٹرول ٹیم پر بھی بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی جس سے نائب صوبیدار ندیم شہید جبکہ 3 جوان اور ایک شہری زخمی ہواتھا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، لیکن اس کے باوجود بھی بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
رواں برس بھارت کی جانب سے اب تک 1300 سے زائد مرتبہ ورکنگ باونڈری اور لائن آف کنٹرول کی خلاف وزری کی جاچکی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانی شہری جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔
گذشتہ ماہ بھی چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے خاتون کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفترخارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا تھا۔