08 دسمبر ، 2017
مظفرآباد: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کےچڑی کوٹ سیکٹر پر ایک جنازے پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔
پاک فوج کی موثر جواب کارروائی میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور 4 سے 5 زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے سیز فائر کی بلا اشتعال خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی کےچڑی کوٹ سیکٹر پر چھفر گاؤں میں ایک جنازے پر فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔
بیان کے مطابق بلااشتعال بھارتی فائرنگ کےجواب پاکستانی فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں ایک بھارتی پوسٹ تباہ اور ایک بھارتی فوجی ہلاک جبکہ 4 سے5 بھارتی فوجی زخمی ہوئے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، لیکن اس کے باوجود بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
رواں برس بھی بھارت کی جانب سے اب تک 1300 سے زائد مرتبہ ورکنگ باونڈری کی خلاف وزری کی جاچکی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانی شہری جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔
گذشتہ ماہ بھی چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے خاتون کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفترخارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا تھا۔