پاکستان
Time 17 جنوری ، 2018

ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتا ہوں جو مجرم کو پارٹی سربراہ بنائے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے جلسے سے خطاب میں کہا کہ وہ ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتے ہیں جو ایک مجرم کو پارٹی سربراہ بنائے۔

عمران خان نے کہا کہ ساری دنیا نے ٹی وی پر دیکھا کہ پولیس ماڈل ٹاؤن میں نہتے شہریوں پر گولیاں چلا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں لڑکی کی بے حرمتی کے واقعے میں پولیس نے 9 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ مشال خان قتل کیس میں 57 میں سے 55 ملزمان جیل میں ڈالے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ زینب کے والدین نے پنجاب پولیس اور وزیراعلیٰ پنجاب کے بجائے چیف جسٹس اور آرمی چیف سے انصاف مانگا کیوں کہ انہیں پتہ تھا کہ انصاف وہیں سے ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں، پہلے پیسے لے کر تقرریاں و تبادلے کیے جاتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جرائم میں کمی کے اعداد و شمار میں صوبے میں بہتری آئی ہے جبکہ دہشتگردی بھی کم ہوئی ہے۔

عمران خان کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی عباس خان سے پوچھا کہ پنجاب پولیس کرپٹ کیوں ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان نے میرٹ ختم کرکے پولیس میں بھرتی کی۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کی دوسری وجہ پیسے دے کر پولیس کی نوکری ملنا ہے، جو پیسے دے کر بھرتی ہوا اس نے ریکوری تو کرنی ہے اپنے پیسوں کی۔

'نواز شریف مردان میں پولیس پر تنقید کریں لوگ انہیں انڈے ماریں گے'

انہوں نے شہباز شریف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ آپ مردان جائیں اور پولیس پر تنقید کریں گے تو لوگ آپ کو انڈے اور ٹماٹر ماریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پورے وثوق سے کہتا ہوں کہ ماڈل ٹاؤن میں سب کچھ حکم پر کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 40 سال سے ان دونوں بھائیوں کو جانتا ہوں، سابق وزیراعظم نواز شریف جمہوریت پر یقین ہی نہیں رکھتے، یہ ضیاء الحق سے کہتے تھے کہ بڑا اچھا کیا ذوالفقار بھٹو کو پھانسی لگائی۔

انہوں نے کہا کہ چار سال ہونے کو ہیں لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کوئی مجرم نہیں پکڑا گیا کیوں کہ یہ خود مجرم ہیں۔

عمران خان کے مطابق حافظ آباد میں ضمنی انتخاب کے موقع پر پولیس کے ایس پی ن لیگ کے لیے ووٹ مانگ رہے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ شیخ رشید کی قومی اسمبلی کی نشست سے استعفے سے متعلق باتوں سے اتفاق کرتا ہوں، ہم نے پہلے بھی استعفے دیے تھے لیکن انہوں نے قبول نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کا استعفوں کا خیال اچھا ہے اپنے جماعت سے بات کروں گا، ہوسکتا ہے جلد شیخ رشید کو جوائن کرلیں۔

سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ جس پارلیمنٹ نے مجرم کو پارٹی صدر بنا دیا، اس پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتا ہوں۔

یاد رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ اب یہ صرف ہماری نہیں بلکہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کی مشترکہ جنگ ہے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن پر متحدہ اپوزیشن کے احتجاجی جلسہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کوئی فیصلہ تنہا نہیں ہوگا، مشترکہ جنگ مل کر لڑیں گے، آیندہ دو دن میں دوبارہ ملاقات کررہے ہیں جس میں آیندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

مزید خبریں :