24 جون ، 2020
ملک بھر میں جہاں ایک طرف کورونا وبا کے نئے مریض سامنے آنے اور اموات کا سلسلہ جاری ہے تو وہاں اطمینان کی بات ہے کہ کورونا سے صحت مند افراد کی بڑی تعداد دوسروں کی جان بچانے کے لیے میدان میں آگئی ہے۔
مہلک وبا کورونا وائرس سے صحت یاب افراد پلازما عطیہ کرنے کے لیے ڈاکٹروں سے رجوع کر رہے ہیں۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے پلازما تھراپی انچارج پروفیسر ڈاکٹر فرید جواد احمدکہنا ہےکہ کہ کورونا وبا سے متاثرہ مریض جو ابھی وینٹی لیٹر پر نہیں گئے، پلازما لگا کر ان کی جان بچائی جاسکتی ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ کورونا سے صحت مند افراد کو پلازما دینے پر آمادہ کرنے کے لیے آگاہی مہم چلائے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے اگر کسی غریب کی مالی مدد بھی کرنا پڑے تو یہ مہنگا سودا نہیں۔
دوسری جانب طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا سے صحت یاب شخص کے جسم میں 2 ہفتے بعد اینٹی باڈیز بن جاتی ہیں جس کے بعد وہ پلازما دینے کے قابل ہو جاتا ہے اور ہر 2 ہفتے بعد پلازما دے سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کورونا وئرس سے صحت یاب ایک شخص کے ایک بار پلازما دینے سے 2 کورونا مریضوں کی جان بچائی جاسکتی ہے۔