25 اپریل ، 2021
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں مکمل لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر حبیب عارف نے مکمل لاک ڈاؤن کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جس کے مطابق بلاضرورت گلی میں پھرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی جبکہ ٹھوس وجہ بتائے بغیر مردان میں کوئی داخل نہیں ہوسکے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نماز تراویح متعلقہ ایس اوپیز کے تحت ادا کی جائے گی، تراویح میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر صرف امام اور5 مقتدیوں کو نماز کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کھانے پینےکی چیزوں کی دکانیں شام 6 بجے کے بعد بند رہیں گی تاہم پیٹرول پمپس، ویکسینیشن سینٹرز، پنکچرز شاپس اور ادویات کی دکانیں پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے صوبہ خیبرپخونخوا کے ضلع مردان میں ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان کامران بنگش کے مطابق مردان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 40 فیصد سے زیادہ ہے جس کے باعث ضلع میں مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا۔