Geo News
Geo News

Time 11 اگست ، 2021
پاکستان

رحیم یار خان مندر کیس: 8 سالہ بچے پر ایف آئی آر نہیں ہونی چاہیے تھی، رمیش کمار

رحیم یار خان میں گزشتہ دنوں توڑ پھوڑ سے متاثر ہونے والا مندر بحال کردیا گیا۔

 اقلیتوں کے عالمی دن پرپاکستان ہندو کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رمیش کمار رحیم یار خان کے علاقے  بھونگ پہنچے جہاں انہوں نے پہلے امام بارگاہ کا دورہ کیا اور پھر متاثرہ گنیش مندر گئے۔

مندر پہنچنے پر ہندو برادری اور مسلم کیمونٹی کے لوگوں نے ایک ساتھ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے ڈاکٹر رمیش کمار کا استقبال کیا، ڈاکٹر رمیش کمار نے مندر پر قومی پرچم لہرا یا اور مندر میں پوجا کی۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے میں بھونگ میں متاثرہ مندر کی تزئین آرائش بتاتی ہےکہ ریاست کل بھی اقلیتوں کے ساتھ تھی،آج بھی اور کل بھی رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست نے جلد مندر کی بحالی کرکے ذمہ داری کا ثبوت دیا،8 سال کے بچے پر ایف آئی آر نہیں ہونا چاہیے تھی، حملہ آور شرمسار ہیں تو معاف کرنےکو تیار ہیں۔

 انہوں نے مزیدکہا کہ مسجدوں،گرجا گھروں اور مندروں میں ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں، پنڈت اور علما کو چاہیےکہ وہ عوام کو بھائی چارے کی تعلیم دیں۔

مندر پر حملہ کب ہوا؟

خیال رہےکہ گذشتہ دنوں سوشل میڈیا پر رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ کے مندر میں حملے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

 ویڈیو سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیا  تھاجب کہ چیف جسٹس پاکستان نے بھی واقعے کا نوٹس لے کر ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔

جسٹس گلزار احمد نے رحیم یار خان میں مندر پر حملہ کرنے والے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور مندر کی تعمیر اور مرمت کے اخراجات ملزمان سے لینے کے احکامات جاری کیے تھے۔

واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے مندر پر حملے کے الزام میں 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔