LIVE

کراچی میں کل کے مقابلے میں آج زیادہ بارش کا امکان

انیبہ ضمیر شاہ
June 28, 2024
 

گزشتہ روز کی بارش کے بعد شہر قائد میں گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے/ فائل فوٹو

محکمہ موسمیات نے آج کراچی سمیت ملک کے مختلف مقامات  پر آندھی ، جھکڑ اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی سمیت سندھ، بلوچستان کے مختلف علاقوں جب کہ اسلام آباد، پنجاب،خیبرپختونخوا اور کشمیر کے بعض مقامات پر آندھی, جھکڑ اور بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ شہر قائد کے چند مقامات اور مضافات میں کل کے مقابلے آج  گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے ، دوپہرایک بجےکےبعد گرج چمک کے بادلوں کی تشکیل ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات کےقریب بحیرہ عرب میں ہوا کاکم دباؤموجودہے، ہوا کے کم دباؤ کےباعث  کراچی میں سمندری ہوائیں آج بھی بند ہیں ۔

موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ  ہواکےکم دباؤ کےزیراثرکراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں بارش کاامکان ہے جب کہ اس دوران  شہر کا درجہ حرارت 36 سے 38ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔

گزشتہ روز بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی 

 کراچی میں گزشتہ روز بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی سے  موسم بہتر ہو گیا جب کہ صبح سویرے مطلع ابر آلود رہا، گزشتہ روز کی بارش کے بعد کراچی میں ہوا کی رفتار 8 کلو میٹر اور درجہ حرارت 31ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ گزشتہ روز کی بارش کے بعد شہر قائد میں گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے لیکن حبس کی صورتحال برقرار ہے۔

مزید برآں گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 48ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،  جیکب آباد میں 47، دادو، موہن جو دڑو، تربت 46، لاڑکانہ 45، پشاور43،  مظفر آباد42، کراچی، حیدر آباد41 ، اسلام آباد، ملتان 40، کوئٹہ، گلگت 38  اور لاہور میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔