LIVE

گریڈ ایک سے 15 تک کی نوکریاں مقامی لوگوں کو ملنی چاہئیں: خالد مقبول

ویب ڈیسک
July 01, 2024
 

50 سالوں میں انصاف سے محرومی کی پوری تاریخ ہے، لوگوں نے سرکاری نوکری کے لیے درخواست دینی چھوڑدی تھی: کنوینر ایم کیو ایم پاکستان/ اسکرین گریب

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہےکہ گریڈ ایک سے 15 تک کی نوکریاں مقامی لوگوں کو ملنی چاہئیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم سندھ ہائیکورٹ کے 30 جون کے فیصلے پر شکر گزار ہیں، 56 ہزار نوکریاں جو تعصب اور نسل پرستی پردی جاتی تھیں عدالت نے ذرا ٹھہرو کی آواز لگائی ہے، اس فیصلے نے نوجوانوں اور قوم کو یقین دیا ہے۔

خالد مقبول کا کہنا تھا کہ 50 سالوں میں انصاف سے محرومی کی پوری تاریخ ہے، لوگوں نے سرکاری نوکری کے لیے درخواست دینی چھوڑدی تھی،  ایک سے 15 گریڈ کی نوکریاں مقامی لوگوں کو ملنی چاہئیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ بھٹو کی نسل پرست حکومت اور نسل پرست حکمران نےکوٹہ سسٹم لگاکر تقسیم کی بنیاد ڈالی، سپریم کورٹ سے درخواست کرتا ہوں 140اے پر عمل درآمد کا فیصلہ آچکا ہے لیکن اس پر عمل نہیں ہورہا س پر سو موٹو ایکشن لیں۔ 

پریس کانفرنس میں موجود ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 60 فیصد دیہی بھائیوں کےلیے تو 40 فیصدکوٹہ کراچی، حیدرآباد کے نوجوانوں کے لیے تھا مگر ان میں سے 80 فیصد سے زیادہ نوکریاں شہری علاقوں کےلوگوں کو نہیں ملیں، ہم 50 سالوں میں کوٹہ سسٹم کے ناجائز استعمال کو ختم نہیں کرواسکے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ کوٹہ سسٹم کراچی، حیدر آباد اور سکھر کے نوجوانوں پر سرکاری ملازمتوں کے راستے بند کرنے کے لیے نافذ کیا گیا، 54 ہزارنوکریاں اپنےقریبی عزیز و اقارب کو بانٹی گئی ہیں،  عدالت کی جانب سے یہ دوسرا فیصلہ ہمارے حق میں ہوا ہے اور یہ ہماری کامیابی ہے۔