LIVE

پاکستانی باکسر عثمان وزیر ورلڈ یوتھ ٹائٹل فائٹ میں شرکت سے محروم

سید یحییٰ حسینی
July 02, 2024
 

کراچی : مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی باکسر عثمان وزیر  ورلڈ یوتھ ٹائٹل فائٹ نہیں لڑ پائیں گے۔

عثمان وزیر کو 6 جولائی کو مصرکے باکسر سے مقابلہ کرنا تھا تاہم فنڈز کی کمی کی وجہ سے عثمان وزیر ٹائٹل کے دفاع کی فائٹ میں شرکت سے محروم رہیں گے۔

پاکستانی باکسر عثمان وزیر کا کہنا ہے کہ حکومت کی عدم دلچسپی کے سبب ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن نے پاکستان سے یوتھ ٹائٹل واپس لے لیا اور وہ اس ٹائٹل کا دفاع نہ کرسکیں گے۔

باکسر عثمان وزیر نے حکومتی سرپرستی نا ہونے پر مایوسی اور افسردگی کا اظہار کیا ہے، عثمان وزیر نے وزیراعظم، وزیر اعلیٰ اور اسپورٹس بورڈ سے توجہ دینے کی درخواست کی ہے۔

عثمان وزیر نے جیو نیوز کے پروگرام ’اسکور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت مایوس ہیں، انہیں بہت دکھ ہے کہ انہوں نے پاکستان نہیں چھوڑا، ان کی پزیرائی دور کی بات، انہیں حکومت کی سرپرستی بھی نہیں مل رہی۔

عثمان وزیر کہتے ہیں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور بین الصوبائی رابطے کےمشیر رانا ثنا اللہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی بات کرتے ہیں، لیکن وہ سوال کرنا چاہتے ہیں کہ ان کے لیے حکومتی سطح پر کیوں کچھ نہیں ہوا۔

عثمان وزیر نے وزیر اعظم سے درخواست کی ہے کہ ان کے لیے سوچیں، وہ باکسنگ کے ذریعے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر سر بلندی چاہتے ہیں۔

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے عثمان وزیرنے اب تک 13 باؤٹ کھیلے ہیں اور تمام میں فاتح رہے۔

باکسر عثمان وزیر نے 27 جون کو بینکاک میں تھائی لینڈ کے باکسر کو ناک آوٹ کر کے اپنی 13ویں باوٹ جیتی تھی۔