پاکستان
06 فروری ، 2015

سانحہ بلدیہ فیکٹری بھتے کے تنازع کے باعث پیش آیا

سانحہ بلدیہ فیکٹری بھتے کے تنازع کے باعث پیش آیا

کراچی ........سانحہ بلدیہ فیکٹری بھتے کے تنازع کے باعث پیش آیا، ملزمان نے فیکٹری مالکان سے 20 کروڑ روپے بھتا مانگا، نہ دینے پر فیکٹری میں کیمیکل پھینک کر آگ لگا دی، تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے، سندھ ہائی کورٹ نے رپورٹ اپنے ریکارڈ کا حصہ بنا دی۔جیو نیوز نے سانحہ بلدیہ فیکٹری سے متعلق جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ حاصل کرلی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بلدیہ فیکٹری کا یہ سانحہ بھتے کے تنازع کے باعث پیش آیاتھا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز نے سندھ ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کرا دی ہے اور رینجرز کے لاء افسر کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کے سلسلے میں گرفتار ملزم نے جے آئی ٹی کے سامنے انکشاف کیا ہے۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزم کے ایم سی کا سنیٹری ورکر ہے اور اس کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے، بھتا نہ دینے پر ملزمان نے فیکٹری میں کیمیکل پھینک کر آگ لگادی تھی۔ ملزم نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ سیاسی جماعت کی جانب سے فیکٹری کے مالکان سے 20کروڑ بھتا مانگا گیا تھا۔ دوسرے طرف ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان خواجہ کا کہنا ہے کہ انہیں کسی گرفتاری کا علم نہیں ہے، سانحہ بلدیہ فیکٹری کی تفتیش میں پولیس کا کردارمحدود تھا اور آگ لگانے کے الزام میں کوئی گرفتاری نہیں کی گئی ہے۔

مزید خبریں :