08 فروری ، 2015
لاہور......لاہور میں 29واں انٹرنیشنل کتاب میلہ شروع ہوگیا ہے، زندہ دلان لاہور کتاب دوستی کی ماند پڑتی روایت زندہ کرنے کے لیے بڑی تعداد میں کتاب میلے کا رخ کررہے ہیں۔ لاہورمیں کتابوں کی پہلی عالمی نمائش 1986 میں الحمرا ہال میں منعقد کی گئی، اب کئی سالوں سےاس کا اہتمام ایکسپو سینٹر میں کیا جارہا ہے ، دن ڈھلتے ہی کتابوں کے دلدادہ بچے بڑے نمائش میں پہنچ جاتے ہیں، نمائش میں دینی، نصابی ،شعرو ادب اوردیگر موضوعات پر کتابیں رکھی گئی ہیں ۔ شائقین کا کہنا ہےکہ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی افادیت اپنی جگہ، مگر کتابوں سے سچی دوستی قائم و دائم ہے۔منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ نمائش لاہور کی پہچان بن چکی ہے، لوگوں کا رش ان کا حوصلہ بڑھاتا ہے اور علمی ذوق کی آبیاری کرتا ہے۔نمائش میں اہل ذوق کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کی غماز ہےکہ کتب بینی کا شوق اورلفظوں کی حرمت کا احساس بھی زندہ ہے۔علم دوستی کتاب کے ساتھ رشتہ استوار رکھنے سے پروان چڑھتی ہے، کتب بینی بے چینی اور بے امنی کے شکار معاشرے میں پھر ذہنی سکون اور وسعت قلبی لاسکتی ہے۔