09 فروری ، 2015
کرائسٹ چرچ ........ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی جبکہ نیوزی لینڈ اور زمبابوے کا میچ بارش کی نذر ہو گیا ۔ کرائسٹ چرچ میں بارش سے متاثرہ میچ میں سری لنکا نے جنوبی افریقا کے خلاف سات وکٹ پر چوالیس اعشاریہ چار اوورز میں 279رنز بنائے۔ دلشن نے 100 اور میتھیوز نے 58 رنز اسکور کیے، جنوبی افریقا کو 25 اوورز میں 188رنز کا ہدف ملا جو اُس نے تین گیندیں قبل حاصل کرلیا ۔ ڈی کوک نے 66 اور ہاشم آملہ نے 46رنز بنائے، نیوزی لینڈ اور زمبابوے کے درمیان میچ مکمل نہ ہوسکا۔ نیوزی لینڈ نے تیس اعشاریہ ایک اوورمیں سات وکٹ پر 157رنزبنائے ، گپٹل نے سو رنز اسکور کیے،لیکن پھر بارش ہو گئی۔انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 122رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔ سمنز 45رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ایڈوم ووکس نے 19رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں، اس وقت انگلش ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔