12 فروری ، 2015
اسلام آباد........سینیٹ کے امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی اپنے متعلقہ الیکشن کمیشن دفاتر میں جمع کروا رہے ہیں۔سینیٹ انتخابات کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوتے ہی چاروں صوبائی دارلحکومتوں میں امیدوار کاغذات جمع کرانے پہنچ گئےہیں۔ سندھ میں رحمان ملک اور فاروق نائیک سمیت دیگر امیدوار الیکشن کمیشن پہنچے تو ان کے ساتھ پارٹی رہنماؤں کی بارات آئی۔ اس موقع پر قائم علی شاہ نے اعتماد ظاہر کیا کہ پی پی کو بلا مقابلہ سات نشستیں مل جائیں گی۔ ایم کیو ایم کی جانب سے وسیم اختر، امین الحق، میاں عتیق، خوش بخت شجاعت، سیما زرین، رضا زیدی، قادر خانزادہ، نگہت انعام مرزا نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجا ظفر الحق اورمرکزی سیکریٹری اطلاعات مشاہد اللہ خان نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ بننے کے سوال پر راجا ظفر الحق نے کہا کہ یہ ابھی قیاس آرائیاں ہیں۔ جماعت اسلامی نےاپنے امیر سراج الحق کو باقاعدہ سینیٹ امیدوار نامزد کردیا ہے جبکہ پروفیسر ابراہیم ان کے متبادل امیدوار ہیں۔ پشاور میں جن ارکان نے کاغذات نامزدگی جمع کرا ئے ان میں دو آزاد امیدوار وقار احمد اور عمار احمدخان شامل ہیں۔ دونوں کے تائید اور تجویز کندگان میں دو ناراض ارکان ن لیگ وجیہ الزمان اور تحریک انصاف کے جاوید نسیم شامل ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن دو روز آگے بڑھانے کا اعلان کیا جو اب تین کے بجائے پانچ مارچ کو ہوں گے ۔