پاکستان
24 فروری ، 2015

ایم کیو ایم ایک منظم پارٹی ہے، اس میں مِس فٹ تھا،نبیل گبول

ایم کیو ایم ایک منظم پارٹی ہے، اس میں مِس فٹ تھا،نبیل گبول

کراچی........ایم کیو ایم کی قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے والے نبیل گبول کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم ایک منظم پارٹی ہے، اس میں مِس فٹ تھا،بہت سارے لوگ صرف سینیٹ الیکشن کی وجہ سے خاموش ہیں،سینیٹ الیکشن گزر جائیں پھر دیکھیں بہت لوگ بولیں گے، نیا پاکستان بنے گا۔ جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول کا مزید کہنا تھا کہ میں ایم کیو ایم سے بے وفائی نہیں کررہا،الطاف حسین سے تعلقات تاریخی ہیں، بہت اچھے ہیں اوررہیں گے،الطاف بھائی ہر دس پندرہ دن میں مجھے فون کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ٹائم بم پر بیٹھا ہوں، دیکھتے ہیں کہ بم کب پھٹتا ہے،وہ قوت جوائن کروں گا جو پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرے،میں سب سے پہلا جلسہ لیاری میں کروں گا جو میرا حلقہ ہے،میں بڑی اسکرین پر آنا چاہتا ہوں،میں سمجھتا ہوں کہ کراچی میں آپریشن کلین اپ ہوناچاہیے۔نبیل گبول نے کہا کہ پارٹی نے مجھے کوئی شوکاز نوٹس جاری نہیں کیا،میں قومی اسمبلی میں خاموش نہیں بیٹھ سکتا،بولناچاہتا ہوں،میں جو کچھ کہتا ہوں اس پر قائم ہوں پیچھے ہٹنے والا نہیں،کوئی یہ نہ سمجھے کہ میں کراچی سے بھاگوں گا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اور وزیراعظم نے سانحہ بلدیہ کے معاملے پرخاص توجہ دی ہے،ایم کیو ایم پر سانحہ بلدیہ سے متعلق جو الزام لگا اس کی تفتیش ہونی چاہیے، چاہتا ہوں کہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کوانصاف ملے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رشید گوڈیل کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نبیل گبول نے ایم کیو ایم نہیں چھوڑی، ذاتی وجوہات پر اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :