02 مئی ، 2012
اسلام آباد … پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل جہانگیر بدر نے انکشاف کیا ہے کہ آصف زرداری نے میاں نواز شریف کو صدر بننے کی پیشکش کی تھی، نواز شریف نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ اب صدر کے پاس اختیارات نہیں ہوں گے، آپ خود صدر بن جائیں۔ اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نئے مرکزی سیکریٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر جہانگیر بدر نے کہا کہ نواز شریف نے آصف زرداری کو خود صدر بننے کا مشورہ دیا تھا اور اب ان پر تنقید کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری ہوس کا شکار ہیں اور نہ ہی انہیں اقتدار سے محبت ہے۔ جہانگیر بدر نے کہا کہ جو کل آمروں کے ایجنٹ تھے آج وہ خود کو جمہوریت کا چیمپئن کہہ رہے ہیں۔ جہانگیر بدر نے پیپلز پارٹی کا جھنڈا لہرا کر نئے پارٹی سیکریٹریٹ کا افتتاح کیا جو اس سے پہلے سینیٹر بابر اعوان کے گھر پر قائم تھا۔