27 فروری ، 2015
کراچی........کراچی کے ساحل پر لگی پھولوں کی نمائش کے بعد پورے علاقے میں پھولوں کی خوشبو پھیل گئی۔ جیوٹیلی ویژن کے تعاون سے سی ویو پر پھولوں کی نمائش منعقد کی گئی، ہارٹی کلچرل سوسائٹی کے زیر اہتمام یہ 64ویں نمائش ہے جس میں ہر سال کی طرح اس بار بھی شہریوں کی بڑی تعداد دلچسپی لے رہی ہے، نمائش کو گیندے، گل داودی، گلاب اور مختلف اقسام کے پھولوں سے سجایا گیا ہے اور سی ویو کا ساحل دل کو چھو لینے والے رنگوں اور بھینی بھینی خوشبوؤں سے مہک رہا ہے۔نمائش میں پاک بحریہ نے بھی اسٹال لگایا اور نیوی کا بینڈ مخصوص دھنیں بجا کر آنے والوں کا استقبال کرتا رہا،اسکولوں کے بچوں کیلئے رنگ بہ رنگ پھولوں کے علاوہ ایک اور دلچسپی یہ ہے کہ اُنھیں پھولوں کی سجاوٹ پر انعامات بھی دیئے گئے۔نمائش میں سندھ کی ثقافت کو اُجاگر کرنے کیلئے مختلف اشیا ررکھی گئیں۔ جبکہ ساحل کی ریت سے تاریخی عمارتیں اور دیگر نمونے بھی بنائے گئے۔کراچی کے شہریوں نے پھولوں کی نمائش میں بھر پور شرکت کر کے پیغام دیا ہے کہ شہر میں سالہا سال سے جاری بدامنی کے باوجود شہریوں کی جمالیاتی حس پہلے کی زندہ اور پھولوں کی طرح کھلنا اور مہکنا چاہتی ہے۔