Geo News
Geo News

پاکستان
02 مارچ ، 2015

سینیٹ انتخابات:سیاسی ماحول گرم،نئی صف بندیاں

سینیٹ انتخابات:سیاسی ماحول گرم،نئی صف بندیاں

اسلام آباد .......سینیٹ انتخابات نے سیاسی ماحول گرما دیاہے ۔ میل ملاقاتوں اور رابطوں کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے، جس میں نئی صف بندیاں ہورہی ہیں توماضی کے حریف بھی گفتگو میں مشغول ہیں، سینیٹ کا الیکشن 5 مارچ کو ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے کانٹ چھانٹ کرکے امیدواروں کے حتمی نام بتادئیے ہیں ۔ اب جو کچھ کرنا ہے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے یا سیاسی قائدین نےکرنا ہے جو ان دنوں نہایت سرگرم ہیں ، شہر اقتدار میں جاری میل ملاقاتوں اور رابطوں میں سابق صدر آصف زراری مرکزی کردار نظر آرہے ہیں ۔ انہوں نے فضل الرحمان سے ملاقات کی، عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جبکہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے بھی ٹیلی فون پر بات ہوئی۔ مولانا سے ملاقات کے بعد آصف زرداری نے نئی صف بندی سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ ان کی،مولانا کی جماعت اور اے این پی ایک پیچ پر ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ چھوٹےموٹے فائدے کی خاطر 22 ترمیم کی قربانی نہیں دے سکتے ۔ تحریک انصاف کو ایوان میں لانا نواز حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ایک اور اہم پیش رفت عمران خان کا آصف زرداری کو ٹیلی فون تھا، جس میں انہوں نے 22ویں ترمیم پر پی پی کو نواز حکومت کی حمایت پر قائل کرنے کی کوشش کی ۔ تاکہ ہارس ٹریڈنگ کی روک تھام کی جاسکے ۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ خیبرپختونخوا میں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان سینیٹ الیکشن پر مفاہمت ہوگئی ہے ۔ پی ٹی آئی2 نشستوں پر پی پی امیدواروں کی حمایت کریگی ۔ اس پیش رفت میں سینیٹر رحمان ملک اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کلیدی کردار ادا کیا ۔سندھ میں ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے2-2 امیدواروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے پر الطاف حسین اور آصف زرداری نے ٹیلی فون پر ایک دوسرے کو مبارک باددی اور اس مفاہمت کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا،دونوں رہنماؤں میں صوبے کی ترقی کیلئے مل کر چلنے اور ماضی کی غلطیاں نہ دہرانے پر اتفاق ہواہے ۔

مزید خبریں :