10 مارچ ، 2015
سڈنی.........پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ وہ جب بھی بیٹنگ کرنے آتے ہیں، کھل کر نہیں کھیل پاتے،کیونکہ جب بھی کریز پر آتے ہیں ٹیم مشکلات کا شکار ہوتی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ وہ پوری صلاحیت کے ساتھ تیز نہیں کھیل پاتے جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اکثر ایسے موقعوں پر بیٹنگ کے لیے آتے ہیں جب پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ تنازعات سے دور رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا معاملات کو جوں کا توں چھوڑنے کے بجائے تنازعات کا حل تلاش کرنا چاہئے۔میرا مزاج ٹھنڈا ہے ورنہ دو دن گزارنے مشکل ہوجائیں۔ورلڈکپ میں ابتدائی شکستوں کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ قوم کو ٹیم سے بڑی توقعات وابستہ ہوتی ہیں اور جب وہ پوری نہیں ہوتی تو شدید تنقید کی جاتی ہےجس کا ٹیم پر منفی اثر ہوتا ہے۔کھلاڑی دل برداشتہ ہوجاتے ہیں اور ٹیم کی مجموعی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔