03 مئی ، 2012
لاہور … وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ صدق دل سے نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہیں، قومی اسمبلی میں قرارداد کا مقصد سپریم کورٹ کے فیصلوں سے توجہ ہٹانا ہے۔ لاہور میں پاک بھارت ٹریڈ سیمینار کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بہاولپور کے عوام کے ساتھ ون یونٹ کے ٹوٹنے کے بعد زیادتی ہوتی آئی ہے، نئے صوبوں کے قیام میں ڈرامہ نہیں ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، نئے صوبوں کے قیام کیلئے قومی پالیسی بننی چاہئے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکمران قومی اسمبلی میں لائی گئی قرارداد سے بیروزگاری، کرپشن، بدامنی، مہنگائی، لوڈشیڈنگ جیسے مسائل سے بھی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں ۔