Geo News
Geo News

کھیل
20 مارچ ، 2015

شاہینوں کا ورلڈ کپ میں سفر ختم، کینگروز نے قابو کر لیا

شاہینوں کا ورلڈ کپ میں سفر ختم، کینگروز نے قابو کر لیا

ایڈیلیڈ.......کرکٹ ورلڈ کپ میں شاہینوں کا سفر ختم ہوگیا، کوارٹر فائنل میں پاکستان کی بیٹنگ لائن پھر دھوکا دے گئی، فیلڈرز نے بھی آسان کیچ ڈراپ کرکے ورلڈ کپ ڈراپ کردیا،آسٹریلیا نے چھ وکٹوں سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی،جہاں اس کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔بالاٰخر وہی ہوا جس کا ڈر تھا،بلے بازوں کے بلوں میں چھید نکلے اور فیلڈرز کے ہاتھوں میں۔ پاکستان کے ورلڈ کپ کے سفر کو کوارٹر فائنل میں فل اسٹاپ لگ گیا۔ایسا نہیں ہے کہ کینگروز نے شاہینوں کو شکار کیا،یہ ہمارے بیٹسمین تھے جنہوں نے خود ہی اپنے لیے پچ پر پھندا لگایا اور ہنسی خوشی پھنس گئے۔ ذرا احمد شہزاد کو ملاحظہ کیجیے، ابھی کھیل شروع ہوا ہی تھا کہ انہوں نے باہر جاتی گیند سے کھیلنا شروع کیا اور سلپ سے پویلین میں سلپ ہوگئے۔ حارث سہیل اور مصباح نے ڈولتی نیا کو سہارا دینے کی کوشش کی،کچھ دیر وکٹ پر ٹھہرے بھی،لیکن کب تک پہلے مصباح نے کیچ تھمایا اور پھر حارث سہیل کو بھی باہر جاتی گیند سے عشق کی سزا مل گئی۔ عمر اکمل اور شاہد آفریدی شاید فنچ سے شرط لگا کر آئے تھے کہ ہمت ہے تو باؤنڈری پر کیچ کر کے دکھا،لیکن بھول گئے کہ آسٹریلوی فیلڈرز کے ہاتھوں میں چھید نہیں،بلکہ گیند ہوتی ہے۔ایک تو کریلا اوپر سے نیم چڑھا،213رنز کے دفاع پر کیچ ڈراپ ہوں تو یہی کہا جائے گا۔ جلتی پر تیل ڈالنا کسے کہتے ہیں یہ کوئی وہاب ریاض سے پوچھے جن کی محنت پر پہلے ایک نہیں دو بار پانی پھرگیا۔ کوارٹر فائنل سے ہی واپسی کا ٹکٹ کٹ گیا۔ جو سفر سیلفیوں اور رنگینیوں سے شروع ہوا تھا، آنسوؤں اور پچھتاووں میں ڈوب گیا۔ شائقین کے پہلے دل ٹوٹے اور پھر غصے میں ٹی وی توڑ کر انہوں نے ٹوٹے دل کا غبار نکالا، جو زیادہ جذباتی نکلے وہ کرکٹ کا جنازہ ہے، ذرا دھوم سے نکلے، کی تصویر بنے باہر نکل آئے،اس کارکردگی پر طے یہ پایا کہ غلطی ٹیم کی نہیں تھی،بلکہ ہماری تھی جو ان سے توقعات لگا بیٹھے۔

مزید خبریں :