03 اپریل ، 2015
اسلام آباد.......آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کاسلسلہ کل سے وقفے وقفے سے جاری ہے ۔ سندھ ، پنجاب ، بلوچستان میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد گرمی میں کمی آگئی ۔ آزاد کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے ۔وادی نیلم میں بے موسم برفباری سے فصلوں کو نقصا ن پہنچانے کا خدشہ ہے ۔ شدید بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ کے باعث متعدد سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔لوگ پیدل چلنے پر مجبور ہیں۔ گلگت بلتستان میں ضلع غذر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث موسم ایک بھر پھر موسم سرد ہوگیا ہے ۔ سندھ ، پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کے بعد گرمی کم ہے ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں اور کشمیر ، گلگت بلتستان کے اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔