Geo News
Geo News

پاکستان
03 اپریل ، 2015

پاکستان کے مختلف شہروں میں ’’تحفظ حرمین شریفین‘‘ریلیاں

پاکستان کے مختلف شہروں میں ’’تحفظ حرمین شریفین‘‘ریلیاں

اسلام آباد.......یمن میں جاری خانہ جنگی کے خلاف اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے مذہبی جماعتوں کی جانب سے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے اہلسنت والجماعت کی جانب سے لال مسجد اسلام آباد سے آبپارہ چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا یمن کے حوثی باغیوں اور سعودی عرب کا تنازع اپنی جگہ تاہم حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے مسلمان اپنی جان کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ جماعت الدعوۃ کی جانب سے بھی یمن میں جاری جنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جماعت الدعوۃ کے رہنما حافظ عبدالرحمان مکی نے سعودی عرب کی حمایت کے لیے حکومتی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کسی اور کی نہیں بلکہ پاکستان اور مسلمانوں کی سالمیت کی جنگ ہے۔ ملتان میں جماعت الدعوۃ کی جانب سے چونگی نمبر 9 پر جبکہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کی جانب سے بوسن روڈ سے اللہ چوک تک ریلی نکالی گئی۔سرگودھا میں مرکزی جمعیت اہلحدیث اور اہلحدیت یوتھ فورس کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد بلاک 19سے شاہین چوک تک تحفظ حرمین شریفین ریلی نکالی گئی۔ حیدر آباد میں جماعت الدعوۃ نے گاڑی کھاتا سے پریس کلب تک ریلی نکالی جبکہ سنی تحریک نے حیدر چوک سے پریس کلب تک مظاہرہ کیا،ایکشن کمیٹی نے بھی پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔خیرپور میں اہل سنت والجماعت نے شمس مسجد سے سے ریلی نکالی۔ پشاور میں پریس کلب کے سامنے جماعت الدعوۃ نے سعودی عرب کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سعودی عرب کا ساتھ دیا جائے گا۔مانسہرہ میں اہلسنت و الجماعت اور تاجر برادری نے ریلی نکالی۔حب میں مدینہ کالونی سے موندرہ چوک تک اہل سنت والجماعت کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔

مزید خبریں :