11 اپریل ، 2015
اسلام آباد............سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو خط لکھا ہےجس میں تحریک انصاف کے مستعفیٰ اراکین کی آئینی اور قانونی حیثیت سے آگاہ کیا۔خط میں کہا گیا ہے کہ آپ کی آئینی ذمہ داری تھی کہ آپ استعفیٰ منظور کر کے الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخاب کے انعقاد کا پابند کرتے۔سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کے استعفوں کے بعد پارلیمنٹ میں ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے ۔آئین کے آرئیکل 64 کے تحت مستعفیٰ اراکین کی نشستیں خالی ہو چکی ہیں۔ افتخار چودھری نے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ آپ کے پاس قانون سازوں کے رضاکارانہ استعفوں کو منظور کرنے سے انکار کا کوئی قانونی اختیار نہیں تھا۔آئین کے تحت آپ کا یہ بھی فرض تھا کہ آپ استعفیٰ جات سے متعلق کوئی احکامات جاری کرتے۔تحریک انصاف کے اراکین نے 22 اگست کو استعفیٰ پیش کئے جنھیں تاحال واپس لینے کی استدعا نہیں کی گئی۔