12 اپریل ، 2015
کراچی.........جماعت اسلامی آج عزیز آباد کے انتخابی معرکے میں بھرپور قوت کے ساتھ اترے گی ۔ حلقہ این اے 246 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسے کی تیاریا ں جاری ہیں ۔ جس سے امیر جماعت سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے ، این اے 246 کے گرما گرم انتخابی ماحول میں آج جماعت اسلامی اپنا رنگ جمائے گی ۔سیاسی قوت کے مظاہرے کےلیے شاہراہ پاکستان پر عائشہ منزل کے قریب جلسہ گاہ کی تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں۔ بڑی تعداد میں کرسیاں لگی ہیں اور کنٹینرز کی مدد سے اسٹیج بنایا گیاہے۔ شام 6 بجے جلسہ شروع ہوگا تو امیر جماعت سراج الحق سمیت دیگر رہنما جوش خطابت سے سیاسی ماحول کو اور گرمائیں گے ۔ این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم میدان میں ہیں ۔ جن کا مقابلہ نہ صرف روایتی حریف ایم کیو ایم کے کنور نوید جمیل بلکہ کے پی کے میں اتحادی پی ٹی آئی کے عمران اسماعیل سے ہوگا۔ گزشتہ روز این اے 246 کے مختلف علاقوں میں جماعت اسلامی کے تحت ریلی نکالی گئی ۔ اس دوران ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کا آمنا سامنا اور گرما گرمی بھی دیکھنے میں آئی ۔