24 اپریل ، 2015
کراچی........ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد متحدہ قومی موومنٹ پر لگے سارے داغ دھل گئے ہیں۔ قائد تحریک الطاف حسین جناح گرائونڈ میں ایم کیو ایم کی کامیابی کے جشن کے دوران ٹیلیفونک گفتگو میں حلقہ این نے246 سے کنور نوید جمیل کی کامیابی پر فتح و نصرت کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیاقت آباد اور ایف بی ایریا کے عوام نے متحدہ کے حق میں ایک بار پھر فیصلہ دیدیا، مخالفین نے تمام ہتھکنڈے استعمال کیے لیکن اللہ نے ہماری عزت رکھی اور فتح سے ہمکنار کیا، متحدہ اور الطا ف حسین کا رشتہ ظلم و بربریت، میڈیا ٹرائل سے نہیں ٹوٹ سکتا، کنور نوید جمیل کی کامیابی سے ایم کیو ایم پر لگے داغ بھی دھل گئے۔ الطاف حسین نے کہا کہ منہاج القرآن کے دفتر پر گولیاں کس نے چلائی، تمام اداروں نے بتایا تھا کہ نائن زیرو پر طالبان کے حملے کا خطرہ ہے، ایم کیو ایم پر الزام لگایا گیا کہ نائن زیرو سے نیٹو کا اسلحہ ملا ہے، ہم پر نیٹو کے اسلحے کا الزام جھوٹا ہے، نائن زیرو سے ملنے والے اسلحے کے لائسنس رینجرز کے حوالے کردیے گئے تھے۔ متحدہ کے قائد کا کہنا تھا کہ چودھری نثار نے کہا کہ کراچی آپریشن کی مانیٹرنگ کے لیے 3رکنی کمیٹی بنائی جائیگی، خوف کے بعد بھی ایم کیو ایم کی ماؤں اور بہنوں نے ہمت نہیں ہاری، آج تک ضمنی انتخاب میں اتنے لوگ نہیں نکلے، آج تک ایم کیو ایم کے کارکنوں کی گرفتاریاں جاری ہیں، ضلع وسطی میں دفعہ 144نافذ کی گئی، ضمنی انتخاب کے لیے خوف کی فضا قائم کی گئی، ضلع وسطی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی لگائی گئی، صرف کراچی کے شہریوں کو کہا گیا ہے کہ شناختی کارڈ رکھ کر چلیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ صرف کراچی نہیں پورے پاکستان کو اسلحے سے پاک کیا جائے، عوام نے جو ہمت دکھائی، اس کی مثال نہیں ملتی، حلقہ این اے246 کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، عوام نے تمام سختیوں کا سامنا کیا لیکن ظلم کے آگے سر نہیں جھکایا، کنور نوید کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، انتخابی مہم پر تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کو مبارکباد دیتا ہوں، ایم کیو ایم نے ہمیشہ دوسروں کے مینڈیٹ کا احترام کیا، ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے، ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو تعصب کی نذر نہ کیا جائے، ایم کیو ایم کی حقیقت کو تسلیم کیا جائے، عوام نے اس جیت کے لیے بہت محنت کی ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا مزید کہنا تھا کہ جیت پر 3روزہ جشن کا اعلان کرتا ہوں، کارکن اورعوام تحریک کی کامیابی پرشکرانے کے نوافل ادا کریں، جشن ضرور منائیں لیکن سیاسی مخالفین کا احترام کریں، کسی سیاسی مخالف سے ایسی بات نہ کریں جس سے تکلیف پہنچے، کراچی کوماس ٹرانزٹ پروگرام اور فلائی اوورز کی ضرورت ہے، کراچی میں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں، امن وامان کی بحالی کے لیے پولیس میں فوری طور پر نوکریاں دی جائیں اور گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد کو اختیارات دیے جائیں، گورنر کو بااختیار بنایا جائے، تاکہ وہ عوام کی خدمت کرسکیں۔