24 اپریل ، 2015
شاور ........پشاور میں کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈز کے لئے ہونے والے انتخابات میں 43امیدوار مدمقابل ہیں۔ انتخابی مواد پولنگ اسٹیشنز پہنچا دیاگیا ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے 5وارڈز میں 5نشستوں کے لئے 43 امیدوار میدان میں ہیں۔ پانچوں وارڈز میں کل ووٹرز کی تعداد 29ہزار 764ہے جن میں 16ہزار 60مرد جبکہ 13ہزار 704خواتین شامل ہیں۔ ووٹنگ کا عمل صبح 8سے شام 5بجے تک بلاتعطل جاری رہےگا۔ انتخابات کے لئے 22پولنگ اسٹیشنز قائم کئےگئے ہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈ حکام کے مطابق انتخابی مواد متعلقہ ریٹرنگ افسران کو پہنچا دیاگیا ہے۔ دوسری جانب ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے تیار اور مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز میں موبائل لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ پیسکو نے کنٹونمنٹ حکام کو پولنگ کے عمل کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ خیبر پختون خوا میں آئندہ ماہ بلدیاتی انتخابات سے پہلے کنٹونمنٹ بورڈ کے ان انتخابات سے بھی لوگوں نے بہت سی توقعات وابستہ کی ہیں کہ اس میں منتخب ہونے والے ان کے مسائل حل کریں گے۔