08 مئی ، 2012
لاہور… وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے پاس دوستی کے سوا کوئی آپشن نہیں، آپس میں مل کر ہی خطے سے بھوک اور غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔ وہ جنگ گروپ اور ٹائمز آف انڈیا کے زیراہتمام منعقدہ بزنس کانفرنس کے آخری روز اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھنا چاہیے،دونوں ممالک میں باہمی تجارت بڑھنے سے تعلقات میں بہتری آئیگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم اس خطے کو خوشیاں دے سکتے ہیں،یہ مشکل ضرورہے ناممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو تیسری قوت فائدہ اٹھائیگی۔ شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ عشرے میں شاندار ترقی کی، دونوں ملکوں کے کئی طبقے تعلقات میں مزید بہتری چاہتے ہیں،دنیاکا یہ خطہ مشکلات کا شکار رہاہے اور پاکستان اور بھارت کے مسائل ایک رات میں حل نہیں ہوں گے۔