18 مئی ، 2015
اسلام آباد ......پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کے قتل کو 2 سال بیت گئے۔ چیئر مین عمران خان کہتے ہیں کہ گرفتار قاتل انجام کو پہنچیں گے، زہرہ آپا کی ہمت اور ان کی قربانی کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا ۔پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کو 18 مئی 2013 ءکی شب کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ان کی رہائشگاہ کے باہر قتل کردیا گیا تھا۔قتل کی یہ واردات کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 250 پر ری پولنگ کے موقع پر ہوئی۔ زہرہ شاہد پی ٹی آئی سندھ میں ویمن ونگ کی سربراہ اور سینٹرل ایگزیکیٹو کمیٹی کی رکن تھیں ۔ زہرہ شاہد کی دوسری برسی کے موقع پر پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے بھی ٹوئیٹ کیا ہے،کہتے ہیں کہ2 سال قبل بہادر زہرہ آپا کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ دھاندلی کیخلاف مظاہرے سے واپس آرہی تھیں، ان کی ہمت ، حوصلے اور قربانی کو بھلایا نہیںجاسکتا۔زہرہ شاہد کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ اس سے قبل قتل کی واردات کے 20 ماہ بعد رینجرز نے کراچی کے علاقے کلفٹن تین تلوار سے زہرہ شاہد کے قتل کے الزام میں کلیم نامی ملزم کو گرفتار کیا تھا۔ زہرہ شاہد قتل کیس انسداد دہشتگردی کی عدالت میں زیرسماعت ہے۔