Geo News
Geo News

پاکستان
25 مئی ، 2015

وکلاء کے قتل کا مقدمہ ایس ایچ او سٹی شہزاد وڑائچ کیخلاف درج

وکلاء کے قتل کا مقدمہ ایس ایچ او سٹی شہزاد وڑائچ کیخلاف درج

سیالکوٹ.......آج ڈسکہ میں پیش آنے والے واقعے میں دو وکلاء کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ وکلاءکے قتل کا مقدمہ ایس ایچ او سٹی شہزاد وڑائچ کے خلاف درج کیا گیا ہے۔دوسری جانب سیالکوٹ میں دو وکلاء کی ہلاکت کےبعد پولیس اور مظاہرین کے درمیان پتھراؤ اور شیلنگ سے ڈسکہ شہر میدان جنگ بن گیا۔ مشتعل مظاہرین نے اسسٹنٹ کمشنر کے گھر، ڈی ایس پی آفس، ٹی ایم اے کے دفتر اور ایک گاڑی کو آگ لگادی، سرکاری افسران نے اپنے گھر خالی کردیئے۔ تحصیل ڈسکہ میں دو وکلاء کی ہلاکت کی خبر ملتے ہی شہر کی صورت حال کشیدہ ہوگئی۔ ہنگامہ آرائی، جلاؤ، گھیراؤ اور پتھراؤ شروع ہوگیا۔ کچہری چوک میدان جنگ بن گیا۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ جواباً پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی، کئی گھنٹے تک مظاہرین اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔ پتھراؤ سے کئی پولیس اہل کار زخمی ہوگئے۔ مظاہرین نے سٹی تھانہ ڈسکہ کا بھی گھیراؤ کر کے پتھراؤ کیا۔ مظاہرین ڈی ایس پی کے دفتر میں گھس گئے اور وہاں رکھا کمپیوٹر اور فرنیچر توڑ دیا اور دفتر کو آگ لگادی۔ اسسٹنٹ کمشنر ذوالفقار بون کے گھر، ٹی ایم اے کے دفتر اور ایک گاڑی اور بس اسٹینڈ شیڈ کو بھی آگ لگادی گئی۔ شہر کی کشیدہ صورتحال کے باعث سرکاری افسران نے اپنی فیملی کے ہمراہ گھروں کو خالی کردیا۔ شہر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث ایلیٹ فورس کے دستے پہنچ گئے ہیں۔سی پی او گوجرانوالہ وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ پولیس نے احتیاط سے کام لیا۔ اگر حالات قابو سے باہر ہوئے تو رینجرز سمیت تمام لاء انفورسمنٹ ایجنسز کو طلب کیا جاسکتا ہے۔ واقعے میں ملوث ایس ایچ او شہزاد وڑائچ کو گرفتار کر کے تھانہ سٹی میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں گوجرانوالہ اور گجرات سے پولیس کی نفری طلب کرلی گئی۔

مزید خبریں :