28 مئی ، 2015
کراچی.......کراچی میں ایگزیکٹ کے خلاف ایف آئی اے کا سرچ آپریشن اور ایک لاکھ سے زائد جعلی ڈگریوں، ڈپلومہ سرٹیفکیٹس اور جعلی مہروں کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ پہلے دن 15ہزار400 ڈگریوں کی گنتی کر لی گئی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے ایگزیکٹ کیخلاف شواہد جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کل ایڈیشنل ڈائریکٹر الطاف آرائیں کی سربراہی میں ایف آئی کی 10 رُکنی ٹیم ایگزیکٹ کے ہیڈ آفس میں 10گھنٹے تک موجود رہی، اس دوران مجسٹریٹ کی نگرانی میں 4 مختلف اقسام کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی، جن میں جعلی ڈگریاں، ڈپلومہ سرٹیفکیٹ، دنیا بھر میں موجود طالب علموں کے ساتھ ہونے والی خط وکتابت،اور تعلیمی اسناد پر لگائی جانے والی مہریں شامل ہیں۔ کل ایک کیبنٹ میں موجود 15ہزار400 ڈگریوں کی گنتی کی جا سکی جس کے بعد دفتر کو دوبارہ سیل کر دیا گیا۔تحقیقات کے بعد تمام اشیاء کو مجسٹریٹ کی موجودگی میں سرمہر بھی کیا جارہا ہے۔جانچ پڑتال کا عمل 3سے 4دن میں مکمل ہوگا۔