29 مئی ، 2015
اسلام آباد......اسلام آباد اور پنجاب میں 7ماہ بعد سی این جی بحال ہوئی، لیکن گیس اسٹیشن نہ کُھل سکے، بقایا جات کا معاملہ آڑے آگیا۔ سی این جی ایسوسی ایشن کہتی ہے شام تک معاملا ت حل ہوجائیں گے، سپلائی شروع ہوجائے گی۔پنجاب بھر کے سی این جی اسٹیشنز دوبارہ کھولنے کے حکومتی اعلان کے باوجود صوبائی دارالحکومت لاہور میں سی این جی اسٹیشنز تاحال بند ہیں،سی این جی ایسوسی ایشن نے 50فیصد گیس اسٹیشن شام تک کھلنے کی امید ظاہر کی ہے۔ اس سے قبل وزارت پٹرولیم کی جانب سے سی این جی ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات کے بعد آج سے پنجاب بھر کے سی این جی اسٹیشنز 6 ماہ بعد ایک ہفتے کے لیے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سوئی نادرن حکام کی جانب سے اسٹیشنز مالکان کو 12لاکھ روپے سیکیورٹی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی اور کہا گیاکہ رقم جمع کرانے والے اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔ حکومتی اعلان کے باوجود فیصل آباد میں بھی سی این جی اسٹیشن نہ کھل سکے شہریوں کو مایوسی کا سامناہے۔ اسٹیشنز مالکان کا کہنا ہے محکمہ سوئی گیس نے کہا ہے انہیں پمپس کو گیس فراہم کرنے کے تحریری احکامات نہیں ملے۔ حکومت کی جانب سے گزشتہ رات ملک بھر میں سی این جی اسٹیشنز کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان اسٹیشنز کو گیس فراہمی کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اس کے باوجود فیصل آباد میں سی این جی اسٹیشنز نہ کھل سکے جس سے شہریوں کو شدید مایوسی کا سامنا ہے جبکہ فیصل آباد سی این جی ایسوسی ایشن کے ترجمان محمد عمران کے مطابق رابطہ کرنے پر محکمہ سوئی گیس کی جانب سے کہا گیا کہ سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہمی کا کوئی تحریری حکم نامہ موصول نہیں ہوا، اس وجہ سے فیصل آباد کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہم نہیں کی گئی ہے۔29مئی سے پنجاب بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو کھولے جانے کے حکومتی اعلان کے باوجود ملتان کے سی این جی اسٹیشنز بھی تاحال بند ہیں۔