03 جون ، 2015
پشاور........پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیراہتمام پشاورمیں ہونے والے جاب فیئرمیں ہزاروں انجینئرروزگارکی تلاش میں پہنچ گئے۔ روزگارمیلے میں حصہ تو40 قومی وبین الاقوامی کمپنیوں نے لیا لیکن اتنے بے روزگارآگئے کہ ہال میں سانس لینا دشوار ہوگیا۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیر اہتمام باصلاحیت نوجوان کوروزگار مہیا کرنے کے لئے پشاورمیں انجینئر جاب فیئر کا انعقاد کیا گیا جس میں نیشنل اور انٹر نیشنل کمپنیوں کے نمائندوں اور روشن مستقبل کا خواب لے کرآنے والے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میلے کا مقصد نوجوان انجینئرز کے اعتماد میں اضافہ کرنا اورروزگارکے مواقع فراہم کرنا تھا۔ میلے میں 40سے زیادہ اسٹالز لگائے گئے تھے جہاں پر نوجوان براہ راست اپنی تعلیمی دستاویزات ان کمپنیوں کےپاس جمع کرارہے تھے تاکہ انہیں ان کی قابلیت کی بنیاد پرروزگارمل سکے۔ منتظمین کے مطابق میلے میں ملک بھر سے 3ہزار سے زائد انجینئرز حصہ لے رہے ہیں جس میں سے 5سو کو روزگار کے ملنے کی توقع ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں نوجوان انجینئرز کی اس میلے میں آمد سے ایک بات توواضح ہوچکی ہے کہ ملک میں مختلف پیشہ ورڈگریوں کے حامل جوانوں کی کتنی بڑی تعداد روزگارسے محروم ہے۔