07 جون ، 2015
کوئٹہ........... کوئٹہ میں باچاخان چوک کے قریب فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی۔ کوئٹہ ایک بار پھر ٹارگٹ کلرز کے نشانے پر،شہر کے مصروف بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ کاواقعہ باچاخان چوک کے قریب سرکلر روڈ پر پیش آیا،جہاں نامعلوم افراد نے ایک دکان پر فائرنگ کردی ،فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے،جبکہ حملہ آورفرارہوگئے۔ جاں بحق افراد کی میتوں کوسی ایم ایچ اورسول اسپتال منتقل کردیاگیا،واقعے کے بعد پولیس نے موقع پرپہنچ کرتحقیقات شروع کردیں،فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور قرب و جوار کے تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہوگئیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نےواقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔ایک بیان میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ سازش کے تحت بلوچستان کےامن وامان کوخراب کیا جارہا ہے، تاہم جس علاقے میں دہشت گردی کے واقعات ہوں گے وہاں کی انتظامیہ ذمے دار ہوگی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی ، بلوچستان شیعہ کانفرنس اور جمعیت علمائے اسلام نظریاتی نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ کوئٹہ میں گزشتہ روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک سب انسپکٹر سمیت چار پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔