07 جون ، 2015
کوئٹہ........... وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اغوا برائے تاوان کا کاروبار ختم کر دیا ہے، میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پنجابیوں کی ٹارگٹ کلنگ ختم ہو چکی ہے۔ لاہور میں نیشنل پارٹی کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کا کہنا تھا کہ صوبہ ابھی بہت سی مشکلات سے دوچار ہے ،امن و امان پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کولیشن گورنمنٹ کو چلانا بہت مشکل کام ہے،وہ کوئٹہ کو ایک دن کے لئے بھی خالی نہیں چھوڑتے۔ نیشنل پارٹی کے صدر میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے پاکستان کو سیکولر جمہوری ملک بنانا تھا، مذہبی جنونیت نے جگہ لے لی تو حالات درست نہیں ہو سکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں کے لوگ اب بلوچستان واپس آنا شروع ہو گئے ہیں۔ نیشنل پارٹی کے کنونشن میں پنجاب شاخ کے انتخابات ہوئے جن میں ایوب ملک صدر، طالب حسین جنرل سیکریٹری سمیت تمام عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔