08 جون ، 2015
ڈھاکا.......بھارت نے بیالیس سال بعد اقبال جرم کر لیا، پاکستان توڑنے کی سازش مان لی، نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارتی افواج مشرقی پاکستان میں مکتی باہنی کے ساتھ مل کر لڑی تھیں۔ سینئر تجزیہ کاروں نے اس پر ردعمل میں کہا ہے کہ آج ثابت ہوگیا کہ خطے میں سرحد پار مداخلت اور دہشت گردی کا آغاز بھارت نے کیا تھا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان توڑنے کی سازش کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلا دیش کا قیام ہر بھارتی کی خواہش تھی۔ بھارتی افواج بنگلا دیش کی آزادی کے لیے مکتی باہمی کے ساتھ مل کر لڑی اور بنگلا دیش بننے کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مدد کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورۂ بنگلا دیش کے موقع پر تقریب سے خطاب اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کیا، واجپائی کے لیے ایوارڈ انہوں نے بنگلادیشی صدر عبدالحمید سے وصول کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی نوجوانی میں مکتی باہنی کی حمایت میں ستیہ گرہ تحریک میں بطور رضاکار شرکت کی تھی۔ بھارتی وزیراعظم کے ان بیانات پر بات کرتے ہوئے تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا کہ بنگلادیش کے قیام کے سلسلے میں بھارتی مداخلت کی بات پہلے بھی معلوم تھی مگر اب بھارتی وزیراعظم نے خود اس کا اعتراف کر لیا ہے۔ تجزیہ کار حامد میر کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کی بات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ خطے میں سرحد پار مداخلت اور دہشت گردی کا آغاز بھارت نے کیا۔ اس سے پہلے تجزیہ کار زاہد حسین نے بھی کہا تھا کہ بنگلادیش کے دورے کے دوران مودی کے بیانات نامناسب ہیں۔