08 جون ، 2015
کراچی.......سندھ ہائیکورٹ نے ایگزیٹ کے چینل کے خلاف کسٹم انٹیلی جنس کی کارروائی سے متعلق درخواست کی سماعت 24جون تک ملتوی کردی۔ پاکستان براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن نے مقدمے میں فریق بننے کی درخواست دے دی۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس منیب اختر پر مشتمل سنگل بینچ نے عائشہ شیخ و دیگر کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ پی بی اے کے وکیل نے وکالت نامہ جمع کراتے ہوئے کیس میں فریق بنانے کی درخواست جمع کرائی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار کی جانب سے ہم پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں، اس پر عدالت نے درخواست گزار کو 24 جون کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔ سندھ ہائی کورٹ کے ناظر نے بھی اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایگزیٹ کے چینل کا کوئی سامان تحویل میں نہیں لیا۔