12 مئی ، 2012
کراچی … چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم نے کہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف سانحہ 12 مئی میں ملوث تھے ان کا ٹرائل ہونا چاہئے۔ سندھ ہائی کورٹ میں سانحہ 12 مئی کے سلسلے میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس مشیر عالم کا کہنا ہے کہ 12 مئی کون بھول سکتا ہے جب چیف جسٹس کے استقبال کی تیاریاں کررہے تھے، کسے معلوم تھا کہ کون سی لہولہان کہانی پیش آنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب گواہ ہیں کہ کراچی شہر کے راستے بند اور جگہ جگہ کنٹینرز لگے ہوئے تھے، ہمارے ساتھی مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں داخل ہوئے۔ جسٹس مشیر عالم کا کہنا ہے کہ یہ سب جمہوریت کیلئے کیا، جب انتظامی مشنری باغی ہوجائے تب عدالتیں کیا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کے صدر جنرل (ر) پرویز مشرف سانحہ 12 مئی میں ملوث تھے، اس پر ان کا ٹرائل ہونا چاہئے۔