Geo News
Geo News

پاکستان
24 جون ، 2015

پاک برطانیہ تعاون سے متحدہ کیلئے حالات گمبھیر ہوئے، تجزیہ کار

پاک برطانیہ تعاون سے متحدہ کیلئے حالات گمبھیر ہوئے، تجزیہ کار

کراچی.......بی بی سی کی رپورٹ پر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے لیے حالات گمبھیر ہیں، ایک معتبر بین القوامی ادارے کی جانب سے ایسی رپورٹ آنا، ایم کیو ایم کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ سینئر تجزیہ کار طلعت حسین کا کہنا ہے کہ مختلف معاملات میں پاکستان اور برطانیہ کے تعاون کی وجہ سے ایم کیو ایم کے لیے حالات کچھ گمبھیر ہوتے جا رہے ہیں۔ معروف صحافی اور اینکر حامد میر کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پر بھارتی امداد لینے کا الزام نیا نہیں،لیکن اس بار ایک معتبر بین القوامی ادارے کی جانب سے ایسی رپورٹ آنا، ایم کیو ایم کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔سینئر صحافی سلیم صافی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف ایسے الزامات پہلے بھی سامنے آئے ہیں، تاہم اب ایسا لگ رہا ہے کہ ایم کیو ایم کی قیادت کے گرد نہ صرف ملک میں بلکہ برطانیہ میں بھی گھیرا تنگ کردیا گیا ہے۔ سینئر تجزیہ کار شاہ زیب خانزادہ کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان پر دہشتگردی کا الزام لگاتا رہتا ہے، اب پاکستان کے پاس موقع ہے کہ اس رپورٹ پر بھارت سے جواب طلبی کی جائے۔سینئر تجزیہ کار مظہر عباس کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پر اس نوعیت کے الزامات تواتر سے لگ رہے ہیں، پاکستان میں ان کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔دفاعی تجزیہ کار طلعت مسعود کا کہنا ہے اس طرح کی رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ بھارت پاکستان میں کس نوعیت کی کارروائیاں کر رہا ہے۔ دفاعی تجزیہ کار ائر وائس مارشل ریٹائرڈ شاہد لطیف کا کہنا ہے کہ اس طرح کے سنگین الزامات سامنے آنا معمول بن چکا ہے۔ ضروری ہے کہ ریاست پاکستان اب اپنا کردار ادا کرے اور اس معاملے کی مکمل تفتیش کی جائے۔

مزید خبریں :