پاکستان
26 جنوری ، 2012

بالائی علاقوں میں برفباری، راستے بند، سلنڈر اور لکڑی کی قیمت میں اضافہ

بالائی علاقوں میں برفباری، راستے بند، سلنڈر اور لکڑی کی قیمت میں اضافہ

اسلام آباد … بالائی علاقوں میں بارش، برفباری اور سردی کے باعث راستے بند ہونے سے شہریوں کو سفری پریشانیوں کے ساتھ ساتھ مہنگائی کا بھی عذاب جھیلنا پڑرہا ہے، چند ایک مقامات پرہلکی برفباری جاری ہے، ملاکنڈ ڈویژن میں موسمی بیماریوں سے متاثرہ افراد علاج کے لئے سوات کا رخ کررہے ہیں جبکہ کوژک ٹاپ صرف ایک گھنٹہ کھلی رہنے کے بعد دوبارہ بندکردی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن میں موسم ابر آلود ہے، بالائی علاقوں مالم جبہ، کالام اور لواری ٹاپ میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور برفباری جاری ہے، موسمی بیماریوں سے متاثرہ افراد علاج کے لئے سوات آرہے ہیں، غذر کے پہاڑوں پر برفباری جاری ہے، استور میں برفباری کے بعد موسم صاف ہے جبکہ گیس کے سلنڈر اور جلانے کی لکڑی لوگ منہ مانگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔ ہزارہ ڈویژن کے بعض علاقوں میں ہلکی برفباری کے بعد سردی کی شدت برقرار ہے، مری اور مظفر آباد سمیت مختلف مقامات پر موسم ابر آلود ہے، کوئٹہ چمن قومی شاہراہ بند ہونے سے چمن شہر میں کھانے پینے کی اشیا اور ایندھن کی قلت پیدا ہوگئی ہے، جس سے قیمتوں میں 100 فیصداضافہ ہوگیا ہے، کوژک ٹاپ کو چھٹے روز آمد و رفت کیلئے کھولا گیا لیکن سڑک پر پھسلن کی وجہ سے شاہراہ کو دوبارہ بند کردیا گیا۔

مزید خبریں :