26 جنوری ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا ہے کہ امریکا نے ایران سے گیس خریدنے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی اس پر کام شیڈول کے مطابق جاری ہے۔ بھارت سے واپسی پر واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ ترکمانستان سے گیس خریداری کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی ترکمانستان، بھارت اور پاکستان نے گیس پائپ لائن بچھانے کے لئے جوائنٹ کمیشن پر اتفاق کر لیا ہے، دیگر معاملات بھی جلد طے پا جائیں گے۔ ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ ملک میں سی این جی گاڑیوں پر پابندی کے حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں، گیس تیزی سے کم ہو رہی ہے، سی این جی گاڑیوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی۔