02 جولائی ، 2015
کراچی.......پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج اچانک لیاری کا دورہ کیا۔ انہوں نے پیپلز پارٹی پنجاب کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ملکی سیاست میں کئی ماہ تک غیر فعال رہنے کے بعد بلاول بھٹو زرداری ایک بار پھر متحرک ہوگئے۔ پارٹی رہنماء شیری رحمان اور وزیر داخلہ سندھ سہیل سیال کو لیا ساتھ اور پہنچ گئے ایک بار پھر پیپلز پارٹی کے گڑھ لیاری میں۔ بلاول بھٹو زرداری نے صوبائی وزیر جاوید ناگوری سے ان کے بھائی اکبر ناگوری کے قتل کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور اہل خانہ سے ملے۔ بلاول کی لیاری آمد کا سن کر جیالے بھی جمع ہو گئے اور ان کے حق میں نعرے بازی کی۔ سخت سیکورٹی میں کیا گیا دورۂ لیاری ختم کر کے پہنچے بلاول ہاؤس اور اجلاس کیا پنجاب سے تعلق رکھنے والے رہنماوں کے ساتھ۔ اس موقع پر میاں منظور وٹو، راجا پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ نے پارٹی کے تنظیمی امور سے متعلق بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے کئی سینئر پارٹی کارکنان اور رہنماوں کے پیپلز پارٹی چھوڑنے پر تشویش کا اظہار کیا اور وجوہات دریافت کیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ تمام کارکنان اور رہنماء پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماوں کو آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔