03 جولائی ، 2015
گوجرانوالہ......گوجرانوالہ ٹرین حادثے میں شہید ہونے والوں کو آج سپردخاک کردیا گیا۔گوجرانوالہ ٹرین حادثے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل عامر جدون،ان کی اہلیہ، بیٹے سیف اللہ جدون اور بیٹی فاطمہ جدون کی نماز جنازہ فرنٹیئر فورس رجمنٹ سینٹر ایبٹ آباد میں ادا کی گئی،شہداء کو نواں شہر کے قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔چیف آف آرمی اسٹاف اور کورکمانڈر کی جانب سے شہیدوں کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ لیفٹیننٹ کرنل عامر جدون کو سلامی اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ پاک فوج کے لانس نائیک محمد ظفر کو سرگودھاکے نواحی گاؤ ں صادق میں سپردخاک کیا گیا۔ صدر پاکستان اور آرمی چیف کی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ پاک فوج کے لیفٹیننٹ محمد عباس کو خوشاب کے علاقے مردوال کے قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔ حادثے کا شکار ٹرین کے ڈرائیور محمد ریاض کی نماز جنازہ فیصل آباد میں ریلوے کالونی کی جامع مسجد میں ادا کی گئی، اور ان کی تدفین نور شاہ والی قبرستان میں کی گئی۔لکی مروت میں سپاہی سلیم کو تری خیل میں سپرد خاک کردیا گیاجبکہ ٹرین حادثے میں شہید صوبیدارمیجر اسلام کی میت کوہاٹ،نائیک عارف کی اٹک اورسپاہی نصیر کے جسد خاکی کو چکوال روانہ کردیا گیا۔