Geo News
Geo News

پاکستان
14 مئی ، 2012

سپریم کورٹ: آئی جی ایف سی بلوچستان کا لاپتا افراد سے متعلق اظہار لاعلمی

سپریم کورٹ: آئی جی ایف سی بلوچستان کا لاپتا افراد سے متعلق اظہار لاعلمی

اسلام آباد … بلوچستان کے آئی جی ایف سی میجر جنرل عبیداللہ خٹک نے سپریم کورٹ کے طلب کردہ 3 لاپتا افراد سے متعلق لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے پولیس کے ساتھ مل کرعدالتی احکامات کی پیروی کی یقین دہانی کرادی ہے۔ سپریم کورٹ نے اگلے ہفتے سے پھر کوئٹہ میں اس کیس کی سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے بلوچستان کے لاپتا افراد کے مقدمے کی سماعت کی۔آئی جی ایف سی نے طلب کردہ ان 3 لاپتا افراد کے ایف سی کے پاس ہونے سے واضح انکار کیا جن سے متعلق عدالت کو ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دکھائی گئی۔ آئی جی نے کہاکہ انہیں ایف سی کی وردی پہنے کچھ اور لوگوں نے اٹھایا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ 85فیصد لوگ کہتے ہیں کہ لوگ لاپتا کرنے میں ایف سی ملوث ہے۔ جسٹس خلجی عارف نے کہا کہ پہلے مسلح افواج پر کوئی انگلی نہیں اٹھاتا تھا، اب کیا وجہ ہے کہ تمام انگلیاں ان پر اٹھائی جارہی ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ لاپتا افراد کا معاملہ بلوچستان کا سب سے بڑا ایشو ہے، بادی النظر میں ایف سی کے خلاف ثبوت موجود ہے۔ عدالت کی ہدایت پر ایف سی اور پولیس کے آئی جیز نے مشترکہ بیان جمع کراتے ہوئے کہا کہ وہ لاپتا افراد کی بازیابی میں ہر ممکن کوشش کریں گے۔ کیس کی مزیدسماعت 21مئی کوکی جائے گی۔

مزید خبریں :