15 مئی ، 2012
نئی دہلی…بھارت میں جاری انڈین پریمیئر لیگ میں کرپشن کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے ، کھلاڑی کو ناجائز طریقوں سے ہونیوالی آمدنی کی زیادہ فکر ہے ، فرنچائز مالکان بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہے ہیں۔ ایک بھارتی ٹی وی نے خفیہ ریکارڈنگ کے ذریعے انڈین پریمیئر لیگ میں ہونیوالی کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ بھارتی ٹی وی کے اسٹنگ آپریشن میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ آئی پی ایل ٹیم کے مالکان کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ سے زیادہ رقم دیتے تاکہ وہ ان کی ایما پر سست بیٹنگ یا پھر فینسی فکسنگ میں شامل ہوں۔ بھارتی ٹی وی نے کنگز الیون پنجاب شا لبھ سری واستاو، دکن چارجرز کے ٹی سدھندھرا ، پونے وارئیر کے مونیش مشرا اور پنجاب کے امیت یاددو پر اسٹنگ آپریشن کیا۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق پنجاب کے پلیئر شالبھ سری واستاو نے آئی پی ایل کے دوران دو نو بالز کرانے کے عوض دس لاکھ روپے طلب کئے تھے۔دکن چارجرز کے کھلاڑی ٹی سدھندرا نے انڈر کوور رپورٹر کا اعتماد جیتنے کیلئے پچاس ہزار روپے کے عوض ایک لیگ میچ میں نو بال کرادی۔امت یادوو نے انکشاف کیا کہ دو ہزار گیارہ میں دلی اور پنجاب کے درمیان ہونیوالے میچ میں کوئی گڑبڑ ضرور ہوئی تھی۔ اسٹنگ آپریشنز کے دوران اس بات کا بھی انکشاف کیا گیا کہ بعض کھلاڑیں کو ان کے کنٹریکٹ سے زیادہ رقم دی گئی ہے جس کی وجہ ٹیم مالکان کی ایما پر انڈر پرفارم کرنا ہے۔ بھارتی ٹی وی کے انکشافاف کے بعد بی سی سی آئی بھی ایکشن میں آگیا ہے اور اس نے آج دوپہر اجلاس طلب کرلیا ہے ، میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی براہ راست کرپشن کی ڈیل کرنے والے دو کرکٹرز کو ہر طرح کی کرکٹ سے معطل کرسکتا ہے۔آئی پی ایل گورننگ کونسل نے اس سے قبل براہ راست ٹیم مالکان سے بہتر کنٹریکٹ کیلئے ڈیل کرنے پر روندرا جڈیجا پر ایک سال جبکہ منیش پانڈے پر چار میچز کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔