21 جولائی ، 2015
لاہور......پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں کے بعد مختلف دریاؤں اور نالوں میں درمیانے اور نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ پر تربیلا ڈیم اور خان پور ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر اسپل ویز کھول دیے گئے ۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1526 فٹ اور خان پور ڈیم میں 1982 فٹ ہوگئی ۔ تربیلا میں پانی کی آمد 3 لاکھ 49 ہزار 200 کیوسک رکارڈ کی گئی۔منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1234 فٹ ہوگئی ہے۔ پانی کی آمد 71 ہزار 729 اور اخراج 60 ہزار کیوسک ہے ۔خیبر پختون خوا کے بیشتر دریاؤں اور نالوں میں درمیانے اور نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ فلڈ سیل کے مطابق دریائے کابل میں ورسک اور نوشہرہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ ورسک میں پانی کا بہائو 50 ہزار 920 اور نوشہرہ میں 94 ہزار 600 کیوسک رکارڈ کیا جارہا ہے۔ اٹک خیر آباد کے مقام پر بھی دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ پانی کا بہائو 4 لاکھ 800 کیوسک رکارڈ کیا جارہا ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق نالہ لئی میں گوال منڈی کے مقام پر پانی کی سطح 10فٹ اور کٹاریاں کے مقام پر 11 فٹ ہے۔