27 جولائی ، 2015
اسلام آباد......وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ا نکوائری کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد سیاسی اور جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے نئے مواقع پیداہوئے ہیں، آئندہ انتخابات شفاف بنانے کے لئے انتخابی اصلاحات کاعمل تیز کیا جائے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور آج شروع ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس کے امور پر مشاورت کی گئی۔ وفاقی وزراء اوراہم پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے بعدحکومتی حکمت عملی پرغور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں جے یو آئی ف اورایم کیوایم کی پی ٹی آئی کے اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کی تحاریک کے معاملات بھی زیرغور آئے، چنداراکین نے تحریک انصاف کواسمبلی سے ڈی سیٹ کرنے کی تحاریک کو سپورٹ کرنے جبکہ بیشتر نے مخالفت کرنے کی رائے دی۔ اجلاس میں انکوائری کمیشن کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ا نکوائری کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد سیاسی اور جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے نئے مواقع پیداہوئے ہیں، مسلم لیگ ن کے مینڈیٹ کو مزید تقویت ملی ہے، سیاسی جماعتیں نظام کی مضبوطی کے لئے آگے بڑھیں، انکوائری کمیشن رپورٹ کے نتائج کو عوام کے سامنے اجاگر کریں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن قومی اداروں کی مضبوطی کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔