28 جولائی ، 2015
تھرپارکر.....تھرپارکر ،چھاچھرو ، ڈیپلو ، اورمٹھی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں طوفانی با رشوں سے 4افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے، 200 سے زائد کچے مکانات گرگئے جبکہ متعدد علاقے زیر آب آگئے، شمالی بلوچستان میں بھی طوفانی بارشوں سے برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، دریائے غذر میں آنے والی طغیانی کےباعث گاؤں مایون میں 5اور بدسوات میں 8 مکانات دریا کی زد میں آکر مکمل تباہ ہوگئے، شیر قلعہ میں 6 مکانات گلاپور میں ایک اور گاہکوچ کھاری میں 3مکانات لینڈ سلائیڈنگ اور دریا کے کٹاؤ کی زد میں آکر تباہ ہوگئے۔شمالی بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے بعد برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ ژوب میں مغل کوٹ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور سڑک بہہ گئی ،جس کے بعد ڈی آئی خان ژوب قومی شاہراہ آمد ورفت کے لیے بند کردی گئی، زیارت میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں، کوہ سلیمان پر بارشوں کے بعد ہرنائی میں پہاڑی نالوں میں طغیانی آگئی ہے، سبی میں بارشوں کے بعد سیلابی ریلے دریائے ناڑی میں داخل ہورہے ہیں۔ ضلع لسبیلہ میں بھی شام 7 بجے سے طوفانی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔اُدھر سندھ میں بھی موسلادھار بارشیں جاری ہیں۔ ضلع تھرپارکر میں پیر کی شام 6 بجے ہونے والی تیز بارشوں نے تباہی مچادی ہے۔ جبکہ اب بھی علاقے میں وقفے وقفے سے بارشیں جاری ہیں۔ چھاچھرو، ڈیپلو اورمٹھی کے نواحی علاقوں میں 200 سے زائد کچے مکانات گرگئے اور 7 افراد زخمی ہوئے، مٹھی کی سران کالونی مکمل طور پر زیرآب آگئی۔ بدین اور گولارچی میں 1 گھنٹے کے دوران 100 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ،، ٹھٹھہ، جیکب آباد، کشمور سمیت دیگر شہروں میں بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ،خیرپور کے لاشاری گاؤں میں مکان کی چھت گرنے سے 2بچوں سمیت 3افراد جاں بحق اور 2افراد زخمی ہوگئے، پڈعیدن میں بھی مکان کی چھت گرنے سےخاتون جاں بحق ہوگئیں۔گوجرانوالہ، مظفرگڑھ، میانوالی، سرگودھا، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور گرد و نواح میں ہونے والی بارشوں کے بعد کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیاہے،مالاکنڈ ایجنسی کے علاقے سخاکوٹ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور بچہ زخمی ہوگیا۔